محبت زندہ باد

محبت زندہ باد

 محبت زندہ باد

چھوڑئیے اس نظام کی بد صورتی کا نوحہ۔۔!
آئیے اس تصویر سے محبت کی تھوڑی سی مٹھاس اورخوبصورتی کشید کرتے ہیں ۔۔!
بوڑھا شکستہ حال شوہر ۔۔۔چہرے پر برسوں کی تھکن ہے اور میلا سوئیٹر اور تہبند چیخ چیخ کر بتا رہا ہے کہ کہ زندگی کے جبر نے آدھ مواکر دیا ہے حالت کہتی ہے شاید کوئی اپنا نہیں اس غم کے مارے کا۔۔ایسے میں کہ جب اپنا آپ ہی بوجھ محسوس ہوتا ہے جب گھنے سائے میں آرام کے دن ہوتے ہیں یہ بوڑھا شوہر اپنی جوان اور ہر دم توانا محبت کے ہاتھوں مجبور ہو کر بیمار بیوی کو نہ جانے کس مشقت سے کھینچ کر اسپتال لایا ہے ٹوٹی جوتیوں اور سخت راستوں کی مسافت میں پھٹی ایڑیوں کے ساتھ یہ اپنے سر ڈھانپنے کے صافے کو بل دے کر رسی بناکر بوڑھی بیوی کی چارپائی سے باندھ کر یہ نہ جانے اندھے بہرے گونگے انسانوں کے ہجوم میں کہاں سے چلا ہو گا کہاں کہاں ٹوٹے پھوٹے راستے کے گڑھوں نے اس کے اس “ہاسپیٹل بیڈ “کے پاؤں جکڑ لئیے ہو ں گے مگر یہ اپنی ساری توانائی صرف کرکے اپنی رفیقہ حیات کو کسی نہ کسی طرح اسپتال لے پہنچا ہے۔۔اور نہ جانے اب اسے یہاں اور کیا کیا ستم سہنے ہیں۔۔اس کی جیب میں اپنی محبت کے لئے صحت خریدنے کے لئے سکے ہیں بھی یا نہیں۔۔




کاش یہ کسی زندہ معاشرے میں ہوتا تو بیوی سے محبت اس کی خیال داری اس کے درد کے احساس اس کی عمر بھر خدمت کی شکر گزاری پر اس بوڑھے کو کوئی ادیب کسی کہانی میں ڈھال دیتا شاید اس کے اسکیچ بنتے اس پر کوئی فلم بنا دی جاتی اسے دنیا محبت اور تعلق کے خوبصورت استعارے کے طور پر یاد رکھتی یہ تصویر کوئی ایوارڈ پاتی۔۔۔!
مگر خیر کچھ ہو یا نہ ہو مشرق زندہ باد !جہاں اب بھی سسکتی انسانیت کے بیچ کچھ قدریں زندگی کا احساس دے جاتی ہیں جہاں محبت کے میٹھے نغمے کہیں کہیں جھرنوں کی طرح بہہ نکلتے نظر آ جاتے ہیں جہاں کئیر توجہ خلوص وفا جیسے جذبے اچانک تجربہ میں آ کر ایک خوشگوار احساس دے جاتے ہیں ۔۔
اے لوگوجنہیں یہ محبتیں یہ جذبے دستیاب اور حاصل ہیں چاہے وہ ننھی کونپل جتنے بھی نظر آتےہیں ،ذرا سے گدا ز احساس کی طرح دل کے کسی گوشے میں ہیں ،یا شبنم کی طرح اپنا نرم و نازک اثر رکھتے ہیں ،قوس قزح کی طرح رنگ بکھیر جاتے ہیں یا کسی خوشگوار صبح کی طرح تازگی کا احساس بخش دیتے ہیں ۔۔۔وہ سب لوگ انہیں غنیمت جانیں جوابی محبت کی کھاد اور پانی سے اس کونپل کو تناور درخت بنا دیں اسے دل میں سمیٹ لیں پروان چڑھائیں کہ یہ انمول محبتیں کھو جائیں تو پھر کوئی کم ہی انہیں واپس لا پاتا ہے۔۔
محبت والو محبت بڑی نعمت ہے۔۔!

Post a Comment

0 Comments